بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے جس سے بھارت کی کرکٹ پر پہلے سے جاری اجارہ داری مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
جے شاہ رواں سال دسمبر میں موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جنہوں نے تیسری بار چیئرمین کا عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا۔
جے شاہ نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کے عالمی سطح پر مزید فروغ کے لیے آئی سی سی کی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی سی سی کی تاریخ کے سب سے کم عمر چیئرمین نے کہا کہ ہمارا مقصد کرکٹ کو پہلے سے زیادہ جامع اور مقبول بنانا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے وزیر داخلہ اور دایاں بازو تصور کیے جانے والے امیت شاہ کے 35سالہ بیٹے جے شاہ کا اس عہدے پر تقرر کھیل پر بھارت کے تسلط کو ظاہر کرتا ہے۔
جے شاہ 2019 میں دنیا کے طاقتور ترین کرکٹ بورڈ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سکریٹری گئے تھے۔
2018 کی آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اربوں روپے کا منافع کمانے والے اس کھیل کا زیادہ تر منافع کا 90فیصد حصہ برصغیر کے شائقین کی بدولت کمایا جاتا ہے۔
آئی سی سی کھیل کی عالمی گورننگ باڈی ہے اور 100 سے زیادہ ممالک اس کے رکن ہیں اور وہ ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کے انعقاد کی ذمہ دار ہے۔
جے شاہ نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے کھیل کی محبت کے فروغ کے لیے نئی سوچ اور جدت کو اپنانا چاہتے ہیں۔