تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر جواب دہی کیلئے الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر ریلوے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور انہیں 21 اکتوبر 2021ء کو طلب کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن اعظم سواتی سے توہین عدالت آرڈیننس کے تحت الزامات پر جواب طلب کرے گا۔
یاد رہے کہ 10 ستمبر 2021ء کو اعظم سواتی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین پر الزام لگایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ استعمال نہ کرانے کیلئے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن ملکی جمہوریت تباہ کرنے کا ذمہ دار ہے، ایسا ادارہ جہنم میں جائے اسے آگ لگا دینی چاہیے۔
وفاقی وزیر کی الزام تراشی پر کمیٹی اجلاس میں شریک الیکشن کمیشن کے اراکین واک آؤٹ کر گئے تھے۔ بعدازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اوراعظم سواتی نے پریس کانفرنس میں بھی الیکشن کمیشن پر کافی تنقید کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے 23 ستمبر 2021ء کے روز دونوں وزراء کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے الزامات کے ثبوت مانگے تھے، بعد ازاں حکومتی نے جواب جمع کرانے کیلئے کچھ وقت مانگ لیا تھا۔
اس کے بعد الیکشن کمیشن کا آج یہ فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں وفاقی وزیر ریلوے کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔