پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔
مندی کی وجہ سے انڈیکس کی 81ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح گرکر دوبارہ بحال ہوگئی۔ مندی کے سبب 55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 34ارب 22کروڑ 48لاکھ 04ہزار 260روپے ڈوب گئے۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 177.93پوائنٹس کی کمی سے 81114.20پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 34.39پوائنٹس کی کمی سے 25775.98پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 163.79پوائنٹس کی کمی سے 51814.23پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 543.59پوائنٹس کی کمی سے 124751.16پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 12.17فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 29کروڑ 79لاکھ 94ہزار 181 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 444 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 132 کے بھاؤ میں اضافہ اور 244 کے داموں میں کمی ہوئی جبکہ 68 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔