عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

6  اکتوبر‬‮  2024

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، عظمی خان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا جب کہ گرفتار دیگر 58 مظاہرین کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اسلام آباد کے ڈیوٹی جج اظہر ندیم کی عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

اسلام آباد پولیس علیمہ خان اور عظمیٰ کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرے گی جب کہ احتجاج کے دوران گرفتار 58 مظاہرین کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے علیمہ خان، عظمی خان سمیت 4 اکتبور کو احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے ورکرز کی رہائی کے لیے درخواست دائر کی تھی، درخواست پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست پر سماعت کے بعد اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فہیم داد کو بیلف مقرر کرتے ہوئے علیمہ خان، عظمی خان سمیت گزشتہ روز احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا اور اب تک بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت 30 افراد کو ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved