پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی نیا ریکارڈ بن گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز آغاز سے ہی اسٹاک ایکسچینج میں زبر دست تیزی دیکھنے میں آئی۔
100 انڈیکس نے کاروباری دن کے آغاز میں 513 پوائنٹس کے اضافے کے بعد پہلی بار 85 ہزار 423 پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کی۔
کاروبار کےدوران 100 انڈیکس میں 807 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 85 ہزار 717 کی نئی سطح عبور کرگیا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 753 پوائنٹس اضافے سے 85 ہزار 663 پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ 100 انڈیکس اکتوبر کے 6 کاروباری دنوں میں 4600 پوائنٹس بڑھ چکا ہے۔
شیئر بازار میں آج 50 کروڑ شیئرز کے سودے 33 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 94 ارب روپے بڑھ کر 11172 ارب روپے ہے۔