عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پختون قومی جرگہ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔
ولی باغ چارسدہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ جرگہ میں کوئی غیر آئینی، غیر قانونی ،غیر جمہوری اور ریاست پاکستان محالفت بات نہیں کی جائیگی ،قیام امن کے لیے سیاست کو بالائے طاق رکھ کر صرف ایک فون کال پر وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقدہ جرگہ میں شرکت کی۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ ہماری نسل نے صرف امن کانام سنا ہے اور امن کے گیت و نغمے سنے ہیں مگر اپنی سرزمین پر امن نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ امن کی خاطر اے این پی کے نظریے پر قائم رہتے ہوئے ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے پختون قومی جرگہ میں بذات خود جا کر شرکت کروں گا۔
سربراہ اے این پی نے مزید کہا کہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ،دہشت اور امن کے مابین اے این پی دیوار کی طرح کھڑی ہے، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اے این پی نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ اسی خونی کھیل میں پولیس، پاک فوج کے جوانوں نے بھی جان کے نذرانے پیش کئے۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ پختون قوم سمیت بلوچ اور ہزارہ بھی دہشت گردی اور امن کے بیچ میں قربان ھورہے ہیں اس خونی کھیل میں دس فیصد بندوق کے دہشت گرد اور 80فیصد ذہنی دہشت گرد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی کسی بھی پارٹی پر پابندی کی مخالفت کرتی ہیں ،اے این پی پر ماضی میں تین دفعہ پابندی لگائی گئی مگر اے این پی اب بھی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔