علی امین گنڈاپور کا احتجاج کیلئے کل اسلام آباد آنے کا اعلان

14  اکتوبر‬‮  2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) علی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ وہ کل احتجاج کے لیے اسلام آباد ضرور جائیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش جائز ہے، امید ہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ پورا ہو جائے گا۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میں جرگے میں مصروف تھا اس لیے سیاسی کمیٹی میں شریک نہیں ہوا، پارٹی کے فیصلے قبول ہیں، کچھ لوگ بیٹھ کر بیانیہ بناتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج بانی پی ٹی آئی کی ملاقات سے مشروط ہے، ملاقات کی اجازت نہ دے کرحکومت ہمیں اس اقدام پر مجبور کر رہی ہے۔

اس سے قبل  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کے لیے مارچ کیا جائے گا جب کہ احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل بھی دی گئی۔

اجلاس میں کل 15 اکتوبر کو اسلام آباد احتجاج کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور  احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی ان کی بہن، ڈاکٹر یا پارٹی قائدین سے ملاقات نہ کرائی گئی تو کل اسلام آباد احتجاج کے لیے مارچ کیا جائےگا۔

اجلاس میں اس مقصد کے لیے پارٹی قائدین اور منتخب عوامی نمائندوں کو ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved