خیبرپختونخوا: بونیر میں پولیس وین کے قریب بم دھماکا، 4 اہلکار زخمی

16  اکتوبر‬‮  2024

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں پولیس وین کے قریب (آئی ای ڈی) دھماکے کے نتیجے میں پولیس چوکی انچارج سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع بونیر کے پولیس افسر کے ترجمان اسرار احمد نے بتایا پولیس وین نواگئی کے علاقے میں معمول کے گشت پر تھی، جس کے کانکئی چوک پہنچنے پر دھماکا ہوا۔

پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں امبیلا میں قائم پولیس چیک پوسٹ کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس پی) شاہد زادہ، کانسٹیبل نور محمد، افتخار علی اور الطاف احمد زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا زخمی پولیس اہلکاروں کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اصرار احمد نے مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے ڈسٹرک پولیس آفیسر (ڈی پی او) شاہد حسن کی سربراہی میں حملہ آور کی تلاش کے لیے علاقے میں شرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پولیس اہلکاروں اور چوکیوں پر ہونے والا تازہ حملہ ہے۔

بونیر میں ستمبر میں ہونے والے ایک اور واقعے میں نامعلوم مشتبہ افراد نے سرکاری اسکول کو آگ لگانے کے بعد اسے دھماکے سے اڑا دیا تھا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ پیر کو صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں اقبال شہید پولیس لائنز پر خود کش جیکٹوں سے لیس برقع پوش دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے جبکہ کارروائی میں 5 عسکریت پسند بھی مارے گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved