عمران خان نے امید ظاہر کی ہے مولانا عدلیہ کی آزادی کیلئے ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے، بیرسٹر گوہر

19  اکتوبر‬‮  2024

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے مولانا کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہر سختی میں ہمارے ساتھ عدلیہ کی آزادی کے لیے کھڑے ہوں گے، عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کے ساتھ آئینی ترمیم کی مشاورت کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے بات جیت جاری رکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 45 منٹ ملاقات ہوئی ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ جیل جانے کے بعد عمران خان نے اپنے سیل کی حالت کا ذکر کیا ہے، 5 دن تک ان کے سیل میں بجلی نہیں تھی، گزشتہ دو ہفتے سے انہیں کوئی اخبار اور ٹی وی کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، وہ صرف ڈھائی گھنٹے اپنے سیل سے باہر آتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان پر امید ہیں اور قوم کے لیے ان کا پیغام ہے کہ اگر 100 سال بھی اس جیل میں گزارنا پڑیں تو گزاریں گے، ملک میں آئین اور قانون کے بالادستی کے لیے لڑتا رہوں گا اور عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہم عمران خان کے ساتھ جیل میں نارواسلوک کی پرزور مذت کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے حقوق کا خیال رکھا جائے اور انہیں وہ سہولیات مہیا کی جائیں جس کے وہ حقدار ہیں، ان کو قید تنہائی میں اور چھوٹے سیل میں رکھنا آئینی و قانونی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے اپنی بہنوں کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ اور ان کا پورا خاندان اس جدوجہد کے لیے قربانی دیں گے، انہوں نے پوری قوم سے پرامن رہنے کی درخواست کی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کو آئینی ترمیم کے حوالے سے اور مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہونے والی پیشرفت سے متعلق اگاہ کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے جویو آئی سربراہ کے ساتھ مسودے پر ہونے والی بات کو مثبت انداز میں لیا ہے، خان صاحب نے مولانا فضل الرحمٰن کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم توقع کررہے تھے ہمیں بات کرنے لیے وقت دیا جائے گا لیکن ہمیں ملاقات کے لیے صرف 45 منٹ ہی دیئے گئے، ہماری کوشش ہوگی عمران خان سے پیر کو دوبارہ ملاقات کی جائے، بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی (ف) کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved