چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی، پارلیمانی کمیٹی کیلئے ارکان کے نام طلب

21  اکتوبر‬‮  2024

ملک میں 26ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ذراٸع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی لیڈرز سے کمیٹی ارکان کے نام مانگ لیے، کمیٹی کے لیے 8 ارکان قومی اسمبلی اور چار سینیٹ سے لیے جاٸیں گے۔ کمیٹی ججز کے پینل میں سے چیف جسٹس پاکستان کا انتخاب عمل میں لائے گی۔

چیف جسٹس ریٹائرمنٹ سے 3روز قبل 3سینیئر ججز کا پینل اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کریں گے اور اسپیکر قومی اسمبلی چیف جسٹس کی تقرری کے لیے ججز کا پینل کمیٹی کو ارسال کریں گے۔

خصوصی کمیٹی میں پارلیمانی جماعتوں کی متناسب نمائندگی کا فارمولا بھی تیار کر لیا گیا جس کے مطابق 39 ارکان اسمبلی پر سیاسی جماعت کو خصوصی کمیٹی میں ایک نشست الاٹ ہوگی۔ سیاسی جماعتوں کو سینیٹ میں 21 ممبران پر ایک نشست ملے گی۔

مجوزہ فارمولے کے تحت مسلم لیگ ن کو خصوصی کمیٹی میں 4 نشستیں ملنے کا امکان ہے جس میں تین ارکان اسمبلی اور ایک سینیٹ سے ملے گی۔

پیپلز پارٹی کو خصوصی کمیٹی میں 3 نشستیں ملنے کا امکان ہے جس میں قومی اسمبلی سے 2 اور سینیٹ سے ایک نشست ملے گی۔

اسی طرح، پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کو بھی خصوصی کمیٹی میں نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ سنی اتحاد کونسل کو قومی اسمبلی سے 2 جبکہ پی ٹی آئی کو سینیٹ سے ایک رکن ملے گا۔

ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کو بھی خصوصی کمیٹی میں ایک ایک رکن ملنے کا امکان ہے۔ ایم کیو ایم کو قومی اسمبلی اور جے یو آئی کو سینیٹ سے ایک نشست خصوصی کمیٹی میں ملے گی البتہ جے یو آئی کو حکومتی کے خصوصی کوٹے سے ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔

آرٹیکل 175اے کی شق 3 اے کی ذیلی شق 1 اور 2 کے تحت خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

پی ٹی آئی بھی اسپیکر کو نام ارسال کرے گی

ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے کمیٹی کا حصہ بننے اور اسپیکر کو نام ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کی طرف سے آج ہی نام دئیے جانے کا امکان ہے، پی ٹی آئی قیادت کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

جے یو آئی اور ن لیگ کے ارکان نامزد

جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹر کامران مرتضٰی کو بطور ممبر کمیٹی نامزد کردیا، سینیٹ میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطا الرحمان نے کامران مرتضی کا نام سینیٹ سیکریٹ کو پہنچا دیا۔

سینیٹ میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی لیڈر نے بارہ رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو نامزد کر دیا جنہیں عرفان صدیقی نے نامزد کیا ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے جے یو آئی، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ایک ایک نام مانگ رکھا ہے، اسپیشل پارلیمانی کمیٹی برائے تقرر چیف جسٹس پاکستان، آج تشکیل کیے جانے کا امکان ہے اور اسپیشل کمیٹی کا اہم اجلاس کل بلائے جانے کا امکان ہے۔

نئے چیف جسٹس کے لیے سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ، جسٹیس منیب اختر اور جسٹس یحیی آفریدی کے ناموں پر غور کیا جائے گا اور نئے چیف جسٹس کے لیے کمیٹی دو تہائی اکثریت کے تحت فیصلہ کرے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved