چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ ہوتی تو وہ جیل میں ہی نہ رہتیں۔
بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی نو ماہ کے بعد رہائی ممکن ہوئی، انہوں نے سخت حالات میں جیل برداشت کی لیکن وہ خان کے نظرئیے کیساتھ کھڑی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں ، پی ٹی آئی کے سارے ووٹرز اور سپورٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خان صاحب بھی جلد رہا ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بیوی کو جیل میں رکھنا خان پر پریشر ڈالنا تھا، بانی کی رہائی بھی ہو گی اور میرٹ پر ہوگی، کہا جا رہا ہے کہ ڈیل ہوئی ہے، اگر واقعتاً ایسا ہوتا تو وہ جیل میں نہ رہتیں۔
انہوں نے کہا کہ کون سی چیز ہے جس میں پہلے سے آپ نے گرفتار نہیں کیا، توشہ خانہ 1، عدت، دوسرا توشہ خانہ سب میں گرفتاری ہوئی، اور سب میں میرٹ پر رہائی ہوئی۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ بی بی کا توشہ خانہ یا کسی بھی کیس سے کوئی تعلق نہیں، آپ جو بھی کر لیں عوام خان کیساتھ ہیں، خان کا ہم پر اعتماد ہے، انہی کے احکامات پر چل رہے ہیں، وہ جلد عوام میں ہوں گے، بانی کی قیادت میں سب لوگ ایک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں عمران خان کے اظہارِ ناراضگی کی تردید کرتاگ ہوں، ایسا کچھ نہیں ہوا، یہ مس انفارمیشن ہے، ہم نے 26 ویں ترمیم کو نہ پہلے مانا نہ اب مانتے ہیں۔