توشہ خانہ کیس 2: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

29  اکتوبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس ٹو میں ایک بار پھر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی ۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت کےدوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عمران خان نے توشہ خانہ کیس ٹو میں وکیل مقرر کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ تین ہفتے سے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کا وقت نہیں دیا گیا، عدالت نے عمران خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں وکلا سے مشاورت کے لیے 31 اکتوبر کا وقت دے دیا۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں حاضر ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں بریت کیس کی سماعت 10دن کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 24 اکتوبر کو بلغاری جیولری سیٹ سے متعلق توشہ خانہ کیس ٹو میں 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری منظور کی تھی تاہم ریلیز آرڈر کے لوازمات پورے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں جیل سے رہائی نہیں مل سکی تھی۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی،احتساب عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل جاکر گرفتاری دی تھی اور انہوں نے مجموعی طور پر 9 ماہ کا عرصہ جیل میں گزارا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved