حزب اللہ نے نعیم قاسم کو جماعت کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے ایک ماہ بعد قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کو اب باقاعدہ سربراہ منتخب کرلیا ہے۔
نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب رہے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد انہیں تنظیم کا قائم مقام سربراہ بنایا گیا تھا جب کہ وہ اس سے قبل حزب اللہ شوریٰ کمیٹی کےمسلسل 3مرتبہ رکن رہ چکےہیں۔
حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ان کے خالہ زاد بھائی اورداماد ہاشم صفی الدین کو حزب اللہ کا سربراہ منتخب کیے جانے کا قوی امکان تھا مگر صفی الدین بھی کچھ دن قبل ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ طویل عرصے تک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل اور سربراہ رہنے والے حسن نصراللہ گزشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔