پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ خارجی دہشت گردوں نے (ایف سی) کے قافلے پر حملہ گنڈی عاشق درابن روڈ پر کیا۔
حملے کے نتیجے میں اہلکار سید امین شہید جب کہ 5 دیگر اہلکار زخمی ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر روانہ کردی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیرِاعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہتریں طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی جب کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی شہید اہلکار کے بلند درجات کے لیےدعا کی۔