سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات پیش کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا صوابی میں جلسے کا آغاز ہو چکا ہے جہاں مختلف قائدین خطاب کر رہے ہیں۔ صوابی جلسہ گاہ میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہے اور جعلی وفاقی حکومت کے خاتمے کے پر جوش نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم کسی کی دھونس اور دھمکی میں نہیں آئیں گے۔ افغانستان کے ساتھ ہمارے کاروبار کو بحال کیا جائے، اور ہمارا چھینا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
انہوں نے جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کی رہائی کے نعرے بھی لگوا دئیے۔
انہوں نے عمران خان کی فوری رہائی اور چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے قانون کو توڑا ہے ان کیساتھ سختی سے نمٹا جائے، ہم ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔