پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ عام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج صوابی میں ہونے والے جلسے میں ریفرنڈم ہوگیا ہے، اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں، لیکن میں ان کو چاہتا ہوں کہ ہم امریکا سے مدد کے طلبگار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی، وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے لیکن انہوں نے کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ حکومت چھبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن ہم عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔
عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے، شیخ وقاص اکرم
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
انہوں کہاکہ کچھ لوگ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ان سے ہوشیار رہنا ہوگا، کیونکہ انہی لوگوں کی وجہ سے آج عمران خان جیل میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کارکنوں کے ساتھ پی ٹی آئی کا رشتہ کسی کا باپ بھی توڑ نہیں سکتا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ہمارا احتجاج کسی ادارے کے خلاف نہیں، ان کا پیغام ہے کہ ہم ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نو مئی کے بعد ہمیں فسطائیت کا سامنا رہا، ہمارے ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، فیکٹریاں بند کی گئیں مگر وہ ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کی کال کوئی فائنل کال نہیں، کوئی کالیں دی جائیں گی، یہ نہیں معلوم کہ کون سی کال فائنل ہوگی، لیکن کارکنوں کے ساتھ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہوں گے۔
عمران خان کا پیغام ہے کہ گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیے جاؤ گے، سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کا قوم کے لیے پیغام ہے کہ اب اگر گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیے جاؤ گے۔
انہوں نے کہاکہ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی نسلوں کے لیے کھڑا ہونا ہے، 26ویں ترمیم کا ایک ہی مقصد تھا کہ حکومت کی ایما پر عدالتیں قائم کریں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ہم سب کے لیے کھڑے ہیں، ہم نے باہر نکلنا ہے، اور جبر کے قلعوں کو پاش پاش کردیں گے۔