شمالی کوریا نے جی پی ایس سگنل جام کردئیے، ہوائی اور بحری جہازوں کو مشکلات

9  ‬‮نومبر‬‮  2024

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جمعہ اور ہفتہ کو جی پی ایس جام کر کے حملے کیے جس کی وجہ سے جنوبی کوریا میں کئی بحری جہازوں اور درجنوں سویلین ہوائی جہازوں کو کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جام کرنے کے الزامات شمالی کوریا کے تجربے کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آئے ہیں جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ اس کا سب سے جدید اور طاقتور ٹھوس ایندھن والا ICBM میزائل ہے۔

جنوبی کوریا نے جمعے کو طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے سمندر میں اپنا بیلسٹک میزائل داغا جس کا مقصد شمالی کوریا کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے حوالے سے اپنے عزم کو ظاہر کرنا تھا۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے کل اور آج ہیجو اور کیسونگ میں جی پی ایس جیمنگ کی اشتعال انگیزی کی جس کی وجہ سے کئی جہازوں اور درجنوں سویلین ہوائی جہازوں کو ’کچھ آپریشنل رکاوٹوں‘ کا سامنا ہے۔

فوج نے زرد سمندر میں موجود بحری اور ہوائی جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے حملوں سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ہم شمالی کوریا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی جی پی ایس اشتعال انگیزی کو فوری طور پر بند کرے اور خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کے لیے اسے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

دونوں کوریاؤں کے درمیان تعلقات گزرے سالوں کی بدترین سطح پر ہیں جہاں شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ کر رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ شمالی کوریا نے مئی میں بھی جی پی ایس سگنلز کو جام کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس نے اس وقت بیان میں کہا تھا کہ اس سے جنوبی کوریا کی کسی فوجی کارروائی میں خلل نہیں پڑا۔

جمعہ کو جنوبی کوریا نے مغربی سمندر میں سطح سے زمین تک مار کرنے والے ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ہیونمو میزائل فائر کیا، جس کے بارے میں فوج کا کہنا تھا کہ یہ شمالی کوریا کے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے سیئول کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جیمنگ حملے دوسرے واقعات کا باعث بن سکتے ہیں جو جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں۔

سیئول میں یونیورسٹی آف نارتھ کورین اسٹڈیز کے صدر یانگ مو جن نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا یہ دنیا کی توجہ فوج کی تعیناتی سے ہٹانے، جنوب میں رہنے والوں میں نفسیاتی عدم تحفظ پیدا کرنے یا جمعہ کی مشقوں کا جواب دینے کی کوئی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم جی پی ایس جیمنگ حملوں سے ہوائی جہاز کے ممکنہ حادثات سمیت سنگین واقعات کا حقیقی خطرہ موجود ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved