پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے راولپنڈی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پیش نظر تینوں شہروں کی انتظامیہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے چیف سیکریٹری پنجاب، لاہور اور جڑواں شہروں کے کمشنرز کو خط ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ مذکورہ شہروں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باعث اٹک آئل ریفائنری کے لیے خام تیل لے کر جانے اور پیٹرولیم مصنوعات لانے والے ٹینکروں اور گاڑیوں کی آمد ورفت محدود ہوگئی ہے، انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانےکے لیےخصوصی ہدایات جاری کرے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد انٹرچینج کراس کر کے 26 نمبر چونگی پہنچ گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی جارہی ہے۔