پی ٹی آئی احتجاج، عمران خان اور بشریٰ بی بی و دیگر پر مزید 4 مقدمات درج

28  ‬‮نومبر‬‮  2024

پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج پر راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، علیمہ خان، سابق صدر عارف علوی، عمر ایوب اور دیگر کے خلاف راولپنڈی میں مزید 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ صادق آباد، واہ کینٹ، ٹیکسلا اور نیو ٹاؤن میں درج کیے گئے ہیں۔

مقدمات کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائر جلا کر سڑک بند کرکے راستہ روک لیا، ڈنڈوں سے لیس ملزمان نے پتھراؤ کرتے ہوئے پولیس پر حملہ کیا۔

مقدمات کے متن کے مطابق گرفتار ملزمان سے آنسو گیس کے شیل، ڈنڈے، کنچے، غلیلیں برآمد ہوئیں، ملزمان نے بانی پی ٹی آئی کی سازش اور مجرمانہ ایما پر خلاف قانون مجمع اکٹھا کیا، ملزمان نے پولیس سے مزاحمت کر کے سڑک بند کی اور عوام کا راستہ روک کر شہری زندگی کو مفلوج کیا۔

ایف آئی آرز میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے عام عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، سرکاری اور نجی ملاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور و دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مزید 8 مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقدمات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، اسمبلی ایکٹ، پولیس پر حملوں، اغوا، کار سرکار میں مداخلت جیسی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مقدمات اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن، سہالہ، بنی گالہ، کھنہ، شمس کالونی، ترنول، نون اور نیلور میں درج کی گئی تھیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved