خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 4 خارجی دہشت گرد ہلاک اور تین کو زخمی کردیا گیا، مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سرغنہ باتور بھی شامل تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید کسی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔