پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں اعلان کردہ احتجاج کے دوران پنجاب کے شہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے 156 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران راولپنڈی کے مختلف علاقوں صادق آباد، نیوٹاؤن اور دھمیال سے گرفتار 191 ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی نے مقدمے کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے 10 ملزمان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
اس کے علاوہ انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 156 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، اس کے علاوہ عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے میں 69 ملزمان کا 6 روزہ ریمانڈ منظور کیا اور ملزمان کو 4 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے صادق آباد اور دھمیال سے گرفتار 35 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔
اس کے علاوہ صادق آباد کی حدود سے گرفتار 77 ملزمان کا 5 یوم کا ریمانڈ منظور کیا اور
ملزمان کو 3 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور و دیگر پارٹی رہنماؤں اور سیکروں کارکنان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج اور پرتشدد مظاہروں پر مختلف تھانوں میں مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے۔
مظاہرین پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے، مجمع جمع کرکے شاہراہوں کو بند کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر کو بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کیا تھا اور 25 نومبر کی شب وہ اسلام آباد کے قریب پہنچ گئے تھے تاہم اگلے روز اسلام آباد میں داخلے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پی ٹی آئی کے حامیوں کی جھڑپ کے نتیجے میں متعدد افراد، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
26 نومبر کی شب بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب مارچ کے شرکا کو چھوڑ کر ہری پور کے راستے مانسہرہ چلے گئے تھے، مارچ کے شرکا بھی واپس اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔
بدھ کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا کے علاوہ سردار لطیف کھوسہ نے فورسز کے اہلکاروں کی ’مبینہ‘ فائرنگ سے ’متعدد ہلاکتوں‘ کا دعویٰ کیا تھا، تاہم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ان دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کچھ ہوا ہے تو ’ثبوت کہاں ہیں؟‘