احتجاجی مظاہرین پر تشدد: حکومت خیبرپختونخوا کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

29  ‬‮نومبر‬‮  2024

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے دوران تشدد کے خلاف حکومت خیبرپختونخوا نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے کارکنان شہید ہوئے، ان کی لاشیں چھپائیں گئیں، ڈھٹائی کے ساتھ ادارے جھوٹ بول رہے ہیں۔

اپنی زیر صدارت ہونے خیبرپختوبخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت اسپیکر گرفتہ دل کے ساتھ کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے جب کسی نے آئین کی بالا دستی کے لیے آواز اُٹھائی، اسے کچلا گیا، فلسطین کی مثال دی جاتی ہے وہی صورتحال اسلام آباد میں دیکھی گئی، کارکنان پر اسنائپر اور دیگر جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہا کہ باریش نماز پڑھنے والے کارکن کو کنٹینر سے پھینکا گیا، جو کارکنان شہید ہوئے، ان کی لاشیں چھپائیں گئیں، ڈھٹائی کے ساتھ ادارے جھوٹ بول رہے ہیں۔

بابر سلیم سواتی نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو قتل کرنے کی کوشش کی گی، وزیر اعلیٰ پر سیدھی فائرنگ کی گئی تو وہ وہاں سے چلے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے تجربات سے ہم پہلے بھی مشرقی پاکستان میں گزر چکے ہیں، آج مشرقی پاکستان کے تجربات مغربی پاکستان میں دھرائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا آئین پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے، بد قسمتی سے پاکستان میں روز اول سے اداروں نے، مقتدر حلقوں نے جبر سے یہ حق اپنی عوام سے چھین رکھا ہے اور اس ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جب کبھی بھی کسی بھی سیاسی قوت نے اس ملک کے اندر آئین کی سربلندی کے لیے آواز اٹھائی، باہر نکلے تو ان کو بے دردی سے کچلا گیا۔

اجلاس کے دوران کُرم اور اسلام آباد میں احتجاج کے دوران جاں بحق افراد کے لیے دعا کی گئی۔

اس دوران حکومت خیبرپختونخوا نے اسلام آباد احتجاج سے متعلق 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا، وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ کل سے 3 روزہ سوگ ہوگا، ورکرز کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان پر سیدھا فائر کیا گیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved