پی آئی اے پر یورپی ممالک میں عائد پابندی ختم

29  ‬‮نومبر‬‮  2024

یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) پر عائد پابندی ختم کردی۔

ترجمان پی ائی اے نے بیان میں کہا کہ یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنزسے پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگیا اور یہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے اہم ترین خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاسا نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، ان کی جانب سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین اسٹینڈرڈز پر پورے اترنے پر مبارک باد دی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اورضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا اور پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ای او پی آئی اے کی جانب سے اس تاریخی موقع پروزرات ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے ٹیم اور پوری ہوابازی کی صنعت کو ان کے بھرپور تعاون پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجینسی کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کی پروازوں سے پابندی اٹھانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

اس پیش رفت پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزارت ہوابازی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام اور پی آئی اے انتظامیہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی ساکھ مستحکم ہو گی اور اسے مالی طور پر بھی فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا مظہر ہے اور یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہوائی سفر میں آسانی پیدا ہو گی۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے اور مذکورہ عائد پابندی کا ختم ہونا ایک یادگارموقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی اور سول ایوی ایشن کی جانب سے سیفٹی معیارات یقینی بنانے پرملی ہے اور پاکستانی ایئرلائنز پر عائد معطلی اٹھا لی گئی ہے۔

یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے ساڑھے چار سال قبل پی آئی اے پر پابندی عائد کردی تھی۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ اس پابندی کے خاتمے کے بعد پوری قوم اب یورپی سیکٹرز پر دوبارہ اپنی قومی ائیرلائن پر براہ راست سفر کر سکیں گے، پابندی کا اٹھ جانا پی آئی اے کے فضائی حفاظتی ضابطوں پر کاربند رہنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دوسری جانب پابندی ختم ہونے کے بعد یورپی ایوی ایشن ایجنسی کا اجازت نامہ قومی ائیرلائن انتظامیہ کو موصول ہوگیا ہے، اورقومی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق  پابندی ختم ہونےکے بعد سب سے پہلے پیرس کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی اور  پیرس کے لیے فلائٹ آپریشن چند ہفتوں میں شروع ہوجائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ برطانوی حکام کریں گے۔

ترجمان کے مطابق اب برطانوی پابندی کے بھی جلد خاتمہ کی امید ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved