پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے بشریٰ بی بی کو بچایا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام گرفتار کارکنان کو قانونی سہولت دی جائےگی،بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد آئی،ہم بھی خیبر پختونخوا اسمبلی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر پابندی کی قرارداد لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج لگانے کی بات بھی احمقانہ ہے، علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، بشریٰ بی بی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتےہوئے کہا کہ یہ برادر ملک کو پی ٹی آئی کے سامنے لاکر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے بہترین اور دوستانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، حکومت کے ساتھ تو مذاکرات ہونے بھی نہیں تھے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اب مذاکرات کا یہ وقت بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا، حکومت سے بات چیت کا ابھی تک کوئی امکان نہیں، ہم پرامن تھے اور پرامن رہیں گے۔