ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، کراچی سر فہرست، لاہور کا دوسرا نمبر

10  جنوری‬‮  2022

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے مختلف شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کراچی سب سے پہلے نمبر پر رہا، جبکہ لاہور کا دوسرا نمبر ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 15.52 فیصد ریکارڈ کی گئی،  اس کے بعد لاہور میں یہ شرح 7.53 فیصد رہی جب کہ تیسرے نمبر پر گلگت بلتستان میں مثبت کیسز کی شرح 6.67 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پشاور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.51، میرپور آزاد کشمیر 3.23، حیدرآباد  3.18، اسلام آباد 2.99، بہاولپور 2.69، راولپنڈی 2.44 جبکہ گوجرانوالہ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.25 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

حکومتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45002 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1649 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کورونا کے باعث  مزید 3 افراد انتقال کر گئے، ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.66 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 28972 ہو چکی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 5 ہزار 707 تک پہنچ چکی ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 330 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے، جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 58 ہزار 987 ہو گئی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved