ذلفی بخاری سرخرو،لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ جیت لیا، ریحام خان کو 50 ہزار پاؤنڈ جرمانہ

15  اکتوبر‬‮  2021

ریحام خان روزویلٹ ہوٹل کی فروخت  کے دوران ذلفی بخاری پر فائدہ اٹھانے کے الزامات کا دفاع نہ کر سکیں، ریحام خان نے 6 اور 7 دسمبر 2019ء کو اپنے یوٹیوب چینل کی ویڈیو میں ذلفی بخاری پر الزام عائد کیا تھا کہ نیویارک میں موجود روزویلٹ ہوٹل کی فروخت میں انہوں نے فائدہ حاصل کیا ہے، اور ان پر کرپشن، اقربا پروری کے الزامات بھی لگائے،بعد ازاں یہ ویڈیوز ٹوئٹر اور فیس بک پر بھی شیئر کی گئیں۔ وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی نے ان الزامات پر لندن ہائیکورٹ میں ہتک عزت کا کیس کیا، گو کہ کیس کے آغاز میں ہی ریحام خان معافی مانگنے پر رضا مند تھیں لیکن ذلفی بخاری نے عدالتی کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔

اب لندن ہائیکورٹ کا فیصلہ ذلفی بخاری کے حق میں آنے کے بعد ریحام خان نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے الزامات جھوٹے تھے، مزید ان کا کہنا تھا کہ 15 مارچ 2020ء کو میں نے سید توقیر بخاری کا ایک اور ٹوئٹ اور ویڈیو ری ٹوئٹ کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ذلفی بخاری نے ٹی وی پر جھوٹ بولا ہے اور لوگوں کو جعلی دستاویزات دکھائی ہیں اور یہ کہ ذلفی بخاری نے منی لانڈرنگ، دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقے سے پیسہ بنایا ہے،  یہ الزامات بھی غلط تھے۔

ریحام خان نے ذلفی بخاری پر لگائے گئے تمام الزامات سے معافی مانگ لی ہے، اب انہیں عدالتی فیصلے کے بعد کیس پر ہونے والے تمام اخراجات ادا کرنے ہیں، جس کی انہوں نے حامی بھر لی ہے۔ کیس کے اخراجات کے طور پر ریحام خان کو 50 ہزارپاؤنڈ زادا کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے، ریحام خان نے نہ صرف جھوٹے الزامات پر معافی مانگی بلکہ وہ کیس کے اخراجات بھی ادا کریں گی، ہم فیک نیوز کے خلاف قانون و انصاف کا یہی معیار پاکستان میں لانا چاہتے ہیں، انہوں نے رنگ روڈ راولپنڈی کیس کا نام لئے بغیر کہا کہ اگلا ہدف کمشنر راولپنڈی ہیں۔

لندن ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانوی عدالتوں نے ریحام خان پرذلفی بخاری پر جھوٹےالزامات پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا، اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کر دیتے ہیں، بہرحال ریحام کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved