ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے علاوہ ایک اور کیس میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کیلئے انہیں ایف آئی اے نے نوٹس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حریم شاہ کی منی لانڈرنگ کے جرم کے اعتراف اور پھر اسے مذاق قرار دینے کا سائبر کرائم ونگ نے نوٹس لے لیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ یہ ویڈیو سائبر سپیس کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ ریاستی اداروں کی تضحیک، خلل ڈالنے اور بدنام کرنے کا عمل ہے، اور سائبر سپیس پر یہ عمل منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران ریاض کا کہنا تھا کہ حریم شاہ کو موقف کی وضاحت کیلئے باضابطہ نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔
The FIA Cyber Crime Sindh has taken notice of the videos of TikTok Star Hareem Shah, regarding acknowledgement of offence of money laundering and denying it later on terming it as a “fun video”
— Imran Riaz (@ImmiRizz) January 13, 2022
یاد رہے کہ گذشتہ روز حریم شاہ نے اپنے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ان کے پاس کچھ غیر ملکی رقم ہوتی ہے، اور وہ کہتی ہیں کہ یہ رقم میں پاکستان سے برطانیہ لائی ہوں، مجھے کسی نے نہیں روکا، اور نہ کوئی مجھے روک سکتا ہے۔
بعد ازاں حریم شاہ نے آج ایک نئی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، یہ رقم میرےبھائی کی ہے، میں یہ پاکستان سے نہیں لائی، اور وہ ویڈیو میں نے ان کی اجازت سے بنائی تھی، میں نے کبھی منی لانڈرنگ نہیں کی، اور نہ ہی منی لانڈرنگ کے بارے میں جانتی ہوں۔