داعش کے تمام کارندے افغانی ہیں، سب کا صفایا کر دیں گے، طالبان کا واضح پیغام

15  اکتوبر‬‮  2021

غیرملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امارت اسلامی کے وزیر اطلاعات و ثقافت ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ داعش ہمارے لئے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، ان کی بہت تھوڑی تعداد یہاں موجود ہے جو کہ سارے افغانی ہیں، ان میں کوئی بھی غیر ملکی شامل نہیں، ہم تہیہ کر چکے ہیں کہ ملک سے داعش کا جلد اور مکمل صفایا کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بروقت کارروائی کر کے داعش کے کئی حملوں کو ناکام کیا ہے، گزشتہ دنوں داعش کے کئی افراد کو نہ صرف  گرفتار کیا بلکہ ان کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار بھی کیا ہے، جلد ان پر مکمل قابو پا لیں گے۔

افغانستان میں معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے

مزید ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں معاشی صورت حال معمول پر واپس لوٹ رہی ہے،حکومت قومی وسائل اکٹھے کررہی ہے، افغان تاجر بھی نئی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، سڑکوں کی تعمیر کے اہم منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور حکومت کچھ ممالک کے ساتھ معدنیات کی تلاش کے سمجھوتوں پر دستخط بھی کرنے والی ہے۔چین اپنے باشندوں کی اور اثاثوں کی سیکیورٹی کی ضمانت پر افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار ہے، اس پربھی  کام کر رہے ہیں۔

اثاثے منجمد کرنا افغانستان کی عوام کے ساتھ زیادتی ہے

افغانستان کے اثاثوں کو منجمد کرنا افغانستان کی عوام کے ساتھ زیادتی ہے، افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کےمتعلق امریکہ کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، دوسرے ممالک اور بین الاقوامی بینکوں کے ساتھ بھی منجمد اثاثوں پربات چیت کر رہے ہیں، منجمد اثاثے افغان عوام کی امانت ہیں جن کو جاری کیا جانا چاہیے۔

لڑکیوں کی تعلیم کا مسئلہ بہت جلد حل کر لیں گے

طالبان کے طرز حکومت کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شریعت کے احکامات اور قانون کے تحت خواتین اور انسانی حقوق کی حرمت کا خیال رکھیں گے، افغانستان میں بچیوں کے اسکول جانے سے متعلق منصوبہ تشکیل دینے پر مشاورت کر رہے ہیں، بچیوں کی تعلیم کا مسئلہ بھی بہت جلد حل کر لیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved