آج اسلام آباد میں کسان پورٹل کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کاشتکاروں کو سہولیات دینے کیلئے بہت سے اقدامات کررہی ہے،کسان محنت کرتا ہے لیکن اس کی آواز کوئی نہیں سنتا،جبکہ اس ملک کا اشرافیا چاہتا ہے کہ مجھے این آر او مل جائے۔
انہوں نے نوازشریف کا نام لئے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسان اپنی زمین پر محنت کرے گا وہ لندن میں فلیٹ نہیں بنائے گا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شوگر ملز والے کسان کا حق مار تے ہیں اور کسان کو کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ہمیں کسانوں کی مدد کرنی چاہیے اورہم کسانوں کیلئے پانی کا نظام بہتر کر رہے ہیں جو کاشتکاروں کیلئے ضروری ہے، پاکستان میں ڈیمز بھی بن رہے ہیں، جس سے کسانوں کو فائدہ ہو گا۔
کسان کارڈ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے چھوٹے کسانوں کو براہ راست فائدہ ہو گا ، ہماری پارٹی نے ہمیشہ کوشش کی تھی چھوٹے طبقے کو انصاف فراہم کرناہے، چھوٹا کسان خوشحال ہوگا تو پیسہ بیرون ملک نہیں لے جائےگا۔