پاکستان کے سینئر اداکار رشید ناز انتقال کر گئے

17  جنوری‬‮  2022

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے اہل خانہ نے اس بات کی تصدیق سوشل میڈیا کے ذریعے کی، رشید ناز کی بہو اور اداکارہ مدیحہ نقوی نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ہمارے پیارے بابا رشید ناز آج صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے، انہوں نے ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ پڑھنے کی درخواست بھی کی۔


رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو خیبرپختون خوا میں پیدا ہوئے، انہوں نے بےشمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
1971 میں انہوں نے پشتو ڈرامے میں بطور اداکار اپنے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا۔رشید ناز نے کئی پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔ ان کا پہلا اردو ڈرامہ ایک تھا گاؤں تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے دشت میں بھی کام کیا۔
ان کی پہلی اردو فلم سید نور کی ڈکیت تھی، انہوں نے شعیب منصور کی فلم خدا کے لیے میں بھی کام کیا۔
رشید ناز نے شعیب منصور کے ایک معروف ویڈیو گانے عشق محبت اپنا پن میں ایمان علی کے ساتھ بھی کام کیا۔رشید ناز کی مشہور فلموں میں کراچی سے لاہور، ورنہ، خدا کے لیے اور دیگر شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved