جکارتہ۔ (اے پی پی):انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں 4.8 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 3 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔چینی ذرائع ابلاغ نے انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ انڈونیشیا کے جزیرے بالی اور قریبی جزیرے لومبوک میں مقامی وقت کے مطابق علیٰ الصبح 3 بجے 18منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلے سے بالی جزیرے میں کئی گھر گر گئے جس کے نتیجے میں ملبے تلے دبے 3 افراد ہلاک اور 7 شدید زخمی ہوگئے۔زلزلے کا مرکزضلع کرنگاسیم سے 8 کلومیٹر شمال مغرب کی جانب سطح زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
بالی کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے آپریشنل یونٹ کے سربراہ ایدھی ٹیانا پوترا نے بتایا کہ ضلع بنگلی اور کنگا سم میں زلزلے سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ متعلقہ اداروں نے آفٹر شاکس کے پیش نظر عوام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔