کورونا کے وار مزید تیزوفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب مزید 10 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ او اسلام آباد نے کہا ہے کہ کرونا کیسز سامنے آنے پر شہر میں مزید 9 اسکولوں اور ایک کالج کو بند کیا جا رہا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ ارسال کر کے مذکورہ اسکولوں اور کالج کی تفصیلات سے مطلع کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز چک شہزاد میں کرونا کیس رپورٹ ہونے پر اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد ماڈل اسکول فارگرلز، اسلام آباد ماڈل اسکول جی سکس فور، اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز بہارہ کہو کو کرونا کیسز کی وجہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز آئی ایٹ ون، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی الیون ون، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی ایٹ ٹو، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی سکس ون تھری بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دیگر اسکولوں میں اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز دانہ پنڈ بیگوال، اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز چھتر شامل ہیں۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامیہ متاثرہ تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند رکھے، اور ان میں کونٹیکٹ ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کی جائے، اور وفاقی انتظامیہ پازیٹیو طلبہ کے قریبی افراد کے ٹیسٹ کرائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں کرونا کیسز کی وجہ سے 50 سے زائد تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 58334 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7586 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 20 افراد انتقال کر گئے۔