شلپا شیٹی پر 2007ء میں فحاشی پھیلانے کا کیس دائر کیا گیا تھا، جب انہیں ایک تقریب میں ہالی وڈ اداکار رچرڈ گیئر نے سرعام گلے لگایا اور گالوں پر بوسہ دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ تقریب ایڈز سے آگاہی کے متعلق تھی جس میں یہ پیغام دیا گیا تھا کہ اگر ایڈز سے متاثرہ شخص کسی دوسرے شخص کو بوسہ دے تو اس سے یہ مرض منتقل نہیں ہوتا، اسی تقریب میں 72 سالہ ہالی وڈ اداکار رچرڈ گیئر نے شلپا شیٹی کو نہ صرف گلے لگایا بلکہ ان کی گال پر بوسے بھی دئیے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق بھارتی شہریوں کو ہالی وڈ اداکار اور شلپا شیٹی کا یہ عمل پسند نہ آیا، اور ان کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا، اور سرعام فحاشی پھیلانے کے باعث دونوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جانے لگا، اس کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد راجستھان کی ایک عدالت نے دونوں کے خلاف وارنٹ بھی جاری کئے۔
بھارت کے مختلف شہروں میں شلپا شیٹی اور رچرڈ گیئر کے خلاف مقدمات درج ہوئے، جس میں دونوں بری ہوتے گئے، بھارتی سپریم کورٹ نے بھی رچرڈ گیئر کو گرفتار کرنے سمیت دیگر مقدمات کو خارج کر دیا۔
اب رواں مہینے اس وقوعے کے مقدمے کی طویل ترین سماعتوں کے بعد ممبئی کی عدالت نے بھی شلپا شیٹی کو 15 سال بعد بری کر دیا ہے۔