روسی فوج کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ توار کے روز روسی فضائیہ کے مگ 31لڑاکا طیاروں نے جاپان کی سمندری حدود سے پرواز کرکے آنے والے امریکی B1B بم بار فوجی طیارے کو واپس بھگا دیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی ٹاس کی رپورٹ کے مطابق امریکی طیارے نے روسی سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی، کیونکہ روسی فضائیہ نے اس سے قبل ہی بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روس کی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا۔
یاد رہے کہ روس نے گذشتہ ہفتے بتایا تھا کہ اس کے ایک جنگی بحری جہاز نے ایک امریکی بحری جہاز (Destroyer) کو دور کر دیا تھا۔ماسکو کے مطابق امریکی بحری جہاز نے اس وقت روس کے علاقائی پانی کی خلاف ورزی کی کوشش کی جب کہ جاپان کے سمندر میں روس اور چین کے درمیان بحری مشقیں ہو رہی تھیں۔
واضح رہے کہ روس کے امریکہ اور مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے اندر اضافہ 2014ء کے بعد سے دیکھنے میں آرہا ہے جب روس نے یوکرین کے علاقے کریمیا کو روس کے ساتھ ملا لیا تھا۔