روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے مطابق اس اقدام کی وجہ نیٹو میں متعین اس مشن کے 8 افراد کی برسلز بے دخلی ہے ، روسی دارالحکومت ماسکو میں وزارت خارجہ کے اعلان کے بعدمغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے متعلق روسی سفارتی مشن معطل کر دیا گیا ہے۔
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں روسی مشن کی معطلی کا باضابطہ اعلان روسی وزیر خارجہ نے کیا، روسی سفارتکاروں کو کچھ روز قبل نیٹو کی جانب سے برسلز چھوڑنے کے حکم پر روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو کے دانستہ اٹھائے جانے والے اقدام نے ماسکو حکومت کو بھی جواباً ایسے فیصلے کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے روس کیلئے بنیادی سفارت کاری کے امور کی تکمیل مشکل تر بنا دی ہے۔روسی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ روس اور نیٹو کے درمیان مستقبل میں اہم اور فوری نوعیت کے معاملات بیلجیئم میں وموجودروسی سفارت خانے کے توسط سے مکمل کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے نیٹو انتظامیہ نے 8 روسی اہلکاروں کو انٹیلی جنس افسران قرار دیتے ہوئے برسلز سے نکلنے کا حکم دیا تھا، برسلز سے روس کے نکالے جانے والے سفارتکاروں میں روس کے چیف ملٹری سفیر بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ نیٹو نے اپنے ہاں روسی مشن کے اہلکاروں کی تعداد نصف کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔