پولیس سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کرے، وزیراعظم

15  ستمبر‬‮  2021

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات  پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے پنجاب میں مہنگائی پر قابو پانے اور اشیائے خوردونوش کی سستے نرخوں پر فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پروزیراعظم کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے انتظامی فیصلوں میں شفافیت اور میرٹ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔  اس کے علاوہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی جائے گی لیکن کرپشن اور بدعنوانی کو  کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب میں پولیس اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب سردار علی خان نے  وزیراعظم کو بتایا کہ  پنجاب پولیس  عوام کے بنیادی مسائل اور شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انتظامی ڈھانچے کو عوام کی سہولت کیلئےمزید موثر بنایا جائے اس کے علاوہ عوام کو اشیائے خوردنوش کی فراہمی کم قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

 وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایت کی کہ عوام کی پولیس سٹیشن تک رسائی اور ان کی شکایات کی فوری دادرسی کیلئےموثر میکنزم ترتیب دیا جائے۔ پولیس  کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved