نواز شریف کو لاحق بیماری ٹاکاسوبو سینڈروم کیا ہے، کیا واقعی نوازشریف سفر نہیں کر سکتے، ماہرین کی رائے

2  فروری‬‮  2022

دل کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹاکاسوبو سینڈروم کے متعلق رائے سامنے آ گئی ہے۔

گزشتہ روز نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے میاں نواز شریف کی تین صفحاتی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی، جو بھارتی نژاد امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے تیار کی تھی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق میاں نوازشریف 2003ء سے دل کے مرض کورونری آرٹری ڈیزیز کا شکار ہیں، ان کی طبیعت میں حالیہ بہتری صحت مند خوراک اور ورزش کو معمول کا حصہ بنانے کے باعث ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نوازشریف شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،اور انہیں دل کی بیماری ٹاکاسوبو سینڈروم  کا مرض لاحق ہے، اس لئے انہیں انجیو گرافی کے بغیر سفر نہیں کرنا چاہیے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا وبا کے باعث انہیں ہوائی اڈے سمیت دیگر عوامی مقامات کا رخ بھی نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ کورونا ہونے کے باعث ان کا سانس بھی بند ہو سکتا ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر Takotsubo Syndrome ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، اور صارفین نے اس پر مختلف تبصرے شروع کر دئیے۔ دراصل اس بیماری کا نام عام فہم نہیں ہے اس لئے عام آدمی اس کے مطلب، نوعیت اور بیماری کی شدت کے متعلق آگاہی نہیں رکھتے۔ بالآخر ماہرین کی ٹاکاسوبو سینڈروم کے متعلق رائے سامنے آ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دل کے امراض کے ماہر متعدد ڈاکٹرز کا  کہنا ہے کہ ٹاکاسوبو سینڈروم جاپانی زبان کا لفظ ہے، اور یہ انتہائی غیر معمولی بیماری ہے اور اس کا شکار افراد صرف غذا میں تبدیلی اور ورزش کو معمول کا حصہ بنا کر بھی اس سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں، کیونکہ اکثر اوقات اس بیماری کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں ہوتی۔

ماہرین امراض دل کا کہنا ہے کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ خون کے نمونوں سے کئے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ میں دل کی بیماری کے اثرات سامنے نہیں آتے، لیکن متاثرہ شخص کو دل کے پٹھوں کی کمزوری کے باعث  دل کا عارضہ لاحق ہوتا ہے۔ ذہنی دباؤ ، شدید صدمے یا ڈپریشن کے باعث افراد اس کا شکار ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیماری زیادہ تر خواتین میں پائی جاتی ہے، اور اس کا شکار ہونے والے مردوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

نوازشریف کو سفر سے گریز کی ہدایت

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں انجیو گرافی اور صحت میں بہتری تک سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود آج میاں نواز شریف لندن سے 255 میل دور نیلسن کے علاقے میں فیکٹری کا دورہ کرنے گئے۔ میاں نواز شریف نے فیکٹری کا معائنہ کیا اور انہیں فیکٹری کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ میاں نواز شریف کیا وہ فیکٹری خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، یہ بزنس وزٹ تھا یا کچھ اور، یہ الیک الگ بحث ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے برعکس انہوں نے 255 میل (تقریباً 400 کلو میٹر) کا سفر بھی کیا، فیکٹری کا دورہ اور متعلقہ آفیشلز نے انہیں بریفنگ بھی دی، یہ معمولات زندگی حقیقت خود بیان کر رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved