امریکہ نے پاکستان کیلئے نیا سفیر مقرر کر دیا

20  اکتوبر‬‮  2021

امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہر ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے۔

ڈونلڈ آرمین بلوم ایک کیریئر فارن سروس سفارت کار ہیں اور ان دنوں تیونس میں امریکی سفیر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ  یروشلم میں امریکی قونصل خانے میں قونصل جنرل اور امریکی محکمہ خارجہ میں عرب جزیرہ نما امور کے دفتر کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور قاہرہ، بغداد اور کویت میں بھی سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ انہوں وہ کابل سفارتخانے میں بطور پولیٹیکل کونسلربھی تعینات رہے۔ ڈونلڈ آرمین بلوم کو انگلش کے علاوہ عربی زبان پر بھی عبور حاصل ہے۔

امریکہ کے تمام سفارتی عہدوں کو سینیٹ کی توثیق درکار ہے اور سینیٹ کی منظوری کے بعد ہی ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان میں سفیر تعینات کیا جا سکے گا۔

امریکہ کی جنوبی ایشیاء میں دوسری بڑی تبدیلی

امریکہ کی افغانستان سے انخلاء کے بعدجنوبی ایشیاء میں یہ دوسری بڑی تبدیلی ہے، اس سے قبل امریکہ کے افغانستان کیلئے خصوصی سفیر زلمے خلیل زاد نے استعفیٰ دیا اور ان کی جگہ تھامس ویسٹ کو تعینات کیا گیا۔زلمے خلیل زاد نے 3 امریکی صدور کے ساتھ کام کیا تھا۔ اب امریکہ نے پاکستان کیلئے ڈونلڈ آرمین بلوم کو تعینات کیا ہے جبکہ اس  وقت انجیلاایگلر بحیثیت ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ نے گذشتہ 3 سالوں سے پاکستان کیلئے خصوصی سفیر مقرر نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کچھ روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved