طالبان کا غیر ملکی افواج پر خودکش حملے کرنے والوں کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان

20  اکتوبر‬‮  2021

وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ 2 دہائیوں میں غیر ملکی افواج پر خود کش حملے کرنے والوں کو حقیقی ہیرو تسلیم کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ  حکومت نے خود کش حملے کرنے والوں کے والدین کو 10 ہزار افغانی اورکپڑوں کے ساتھ ایک ایک پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق طالبان نے گذشتہ 2 دہائیوں میں غیر ملکی افواج پر خود کش حملے کرنے والوں کے لواحقین کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔یہ تقریب کابل کے انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل میں منعقد کی گئی جس پر طالبان کے خود کش بمبار ماضی میں حملے بھی کرتے رہے ہیں۔

طالبان میں خودکش حملے کرنے والوں میں حقانی گروپ سر فہرست تھا ، جنہوں نے پچھلے 15 برس میں سب سے زیادہ خود کش حملے کئے، سب سے زیادہ حملے افغان دارلحکومت کابل میں کئے گئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔ اسی وجہ سے حقانی گروپ کے سربراہ سراج الدین حقانی امریکہ کی بلیک لسٹ میں شامل تھے اور ان پر پانچ ملین ڈالر کا انعام بھی مقرر کیا گیا تھا۔

انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سکیورٹی سٹڈیز (آئی این ایس ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال دنیا بھر میں 127 خودکش دھماکے کئے گئے، جن میں 765 افراد ہلاک اور 1925 زخمی ہوئے، جبکہ  2019ء  میں 149 حملے ہوئے تھے، جس میں 1855 افراد ہلاک اور 3663 زخمی ہوئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved