بھارتی میڈیا میں اکشے کمار اور کپل شرما کے جھگڑے کی خبروں پر کپل شرما نے بھی خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا سے یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ اکشے کمار اور کپل شرما کا جھگڑا ہوا ہے، جس کے باعث اکشے کمار اپنی اگلی فلم بچن پانڈے کی پروموشن کیلئے کپل شرما کے شو میں نہیں آئیں گے۔
ان خبروں پر بھارتی کامیڈین کپل شرما کا ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ میں نے ابھی اکشے کمار سے بات کر لی ہے، اور ہم نے معاملات حل کر لئے ہیں، یہ صرف ایک مس کمیونیکیشن تھی۔ کپل کا کہنا تھا کہ اکشے کمار میرے بڑے بھائی ہیں، وہ مجھ سے ناراض نہیں ہو سکتے، ہمارے درمیان سب ٹھیک ہے، بہت جلد ہم بچن پانڈے کی پروموشن کیلئے قسط شوٹ کرنے والے ہیں۔
Dear friends,was reading all the news in media about me n Akshay paji, I have jus spoke to paji n sorted all this, it was jus a miss communication, all is well n very soon we r meeting to shoot Bachhan pandey episode. He is my big bro n can never be annoyed with me 😊thank you 🙏
— Kapil Sharma (@KapilSharmaK9) February 8, 2022
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار اور کپل شرما کے درمیان ایک ویڈیو لیک کرنے کی وجہ سے تنازع چل رہا تھا۔ اس ویڈیو میں کپل شرما اکشے کمار کو ان کے ملک کی بڑی شخصیت کیساتھ انٹرویو کا حوالہ دے کر کہتے ہیں کہ ان سے یہ بھی پوچھیے کہ انہیں آم کھانا کیسا لگتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کپل کا اشارہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف تھا۔ ریکارڈنگ کے بعد اکشے نے کپل سے کہا کہ وہ کلپ آن ائیر نہیں ہونا چاہیے، جس پر چینل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ مہمان کا حق ہے کہ وہ ریکارڈ کئے گئے شو سے ناپسندیدہ حصہ نکلوا سکتا ہے۔ لیکن تھوڑی ہی دیر بعد وہ کلپ انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار کو شبہ ہے کہ یہ کلپ کپل شرما نے اپنی ٹیم کے ذریعے خود وائرل کرایا ہے، جس کے بعد اس تنازع نے جنم لیا تھا۔