سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں طالبان کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس چلانے کی اجازت ہے لیکن امریکی عوام کے پسندیدہ سابق صدر کے اکاؤنٹ کو پابندی کا سامنا ہے، یہ ناقابل قبول ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق سابق امریکی صدر کا ٹروتھ سوشل کے نام سےاپنا سوشل میڈیا نیٹ ورک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری کمپنی ٹوئٹر اور فیس بک کے مقابلے میں کھڑی ہو گی جنہوں نے میرے اکاؤنٹس بند کر رکھے ہیں۔
Former U.S. President Donald Trump will launch his own social media app, TRUTH Social, that he said would 'stand up to Big Tech' companies such as Twitter and Facebook that have barred him from their platforms https://t.co/U0QQlqRJZe pic.twitter.com/ZH33MTHsjT
— Reuters (@Reuters) October 21, 2021
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹروتھ سوشل نیٹ ورک ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) اور ایک خصوصی کمپنی “ایس پی اے سی” کےMerger سے بننے والی ایک نئی کمپنی کے ذریعے بنایا جائے گا۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں جلد ٹروتھ سوشل پر اپنا پہلا سچ بھیجنے کیلئے بہت پرجوش ہوں، میں نے ٹی ایم ٹی جی کی بنیاد ایک مشن کے ساتھ رکھی تھی تاکہ سب لوگ آزادی سےاپنی آواز اٹھا سکیں، میرا مقصد بڑے ٹیگز کے ظلم کے خلاف کھڑے ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ سوشل پلیٹ فارم آئندہ ماہ محدود پیمانے پر جبکہ 2022ء کی پہلی سہ ماہی میں وسیع پیمانے پر استعمال کیلئے دستیاب ہوگا، اس پلیٹ فارم پر سبسکرپشن ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس لانچ کی جائے گی جس میں انٹرٹینمنٹ اورخبروں سمیت پوڈ کاسٹس کی سروسز بھی شامل ہوں گی۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر رواں برس 6 جنوری کو کیپٹل ہل میں ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔