بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے خواتین کے حجاب کے حق میں بیان دیا جسے کے بعد ہندو انتہا پسندوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی۔
بالی وڈ اداکارہ نے انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کی، جس میں ایک مرد کو پگڑی پہنے جبکہ ایک خاتون کو حجاب پہنے دکھایا گیا تھا۔ سونم کپور نے سوال کیا کہ اگر مرد پگڑی پہن سکتے ہیں، تو عورت حجاب کیوں نہیں پہن سکتی۔
سونم کپور کی سٹوری وائرل ہوتے ہی ہندو انتہا پسندوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعد انتہا پسندوں نے سوشل میڈیا پر سونم کی کافی تضحیک کی۔ شدید احتجاج پر حجاب کے حق میں پوسٹ کی گئی سٹوری سونم کپور کو ڈیلیٹ کرنا پڑی۔
یاد رہے کہ کرناٹک کے بعض تعلیمی اداروں میں مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے بعد چند روز قبل ایک مسلم طالبہ مسکان خان حجاب کی حالت میں کالج پہنچی ہو ہندو انتہا پسندوں کے ہجوم نے اسے ہراساں کیا، اور جے شری رام کے نعرے لگانا شروع کر دئیے۔ مسکان خان نے خوف کا شکار ہونے کی بجائے مشتعل ہجوم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس کے سامنے کھڑے ہو کر اللہ اکبر کے نعرے بلند کر دئیے۔ سوشل میڈیا پر مسکان خان کی بہادری کی داد دی جا رہی ہے، بالی وڈ اداکارہ سویرا بھاسکر، شبانہ اعظمی، پوجا بھٹ، کمال راشد خان، جاوید اختر خان اورسونم کپور نے حجاب کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس خواتین کا بنیادی حق قرار دیا۔