بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے دپیکا پڈوکون کی نئی فلم کو کوڑے کا ڈھیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسم کی نمائش بھی ایسی فلموں کو نہیں بچا سکتی۔
کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر دپیکا پیڈوکون کو نئی فلم گہرائیاں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برائے مہربانی نئے دور یا شہری فلموں کے نام پر کوڑے کا ڈھیر نہ بیچیں۔ انہوں نے گہرائیاں فلم کے متعلق کہا کہ بری فلم بری ہی ہوتی ہے، چاہے اس میں جتنی مرضی جسم کی نمائش اور فحش نگاری کر لی جائے وہ بری ہی رہے گی۔ کنگنا نے کہا کہ گہرائیاں فلم میں گہرائی والی کوئی بات نہیں ہے۔
گہرائیاں فلم میں اداکارہ پیڈوکون ، انانیا پانڈے، سدھانت اور دھیریا کاروا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، نصیرالدین شاہ بھی فلم میں اہم کردار میں نظر آئے ہیں۔
واضح رہے کہ دپیکا پیڈوکون کی فلم گہرائیاں حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، جسے بولڈ مناظر کے باعث ابتدا سے ہی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فلم میکرز کی جانب سے اسے ماڈرن دور کی فلم قرارار دیا گیا، اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ریلیز کے بعد یہ فلم شائقین کو پسند آئے گی، لیکن شائقین اور تجزیہ نگاروں کی جانب سے اس پر تنقید ہی کی جا رہی ہے۔