شام میں امریکہ اور اتحادی فوج کے التنف فوجی اڈے پربدھ کی شام کو ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا جسے شام میں کسی امریکی فوجی اڈے پر ہونے والایہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ قرار دیا جارہاہے۔
تفصیلات کے مطابق اس 55 کلو میٹر کے علاقے پر امریکہ اور برطانیہ کی فوج تعینات ہے جہاں ڈرون حملے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں اردن اور عراق کے شام کے ساتھ سرحدی علاقے میں موجود امریکی فوجی ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے اور مزید حملوں کے خدشات اور اطلاعات کے پیش نظر وہاں سے فوجی گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 5 ڈرون طیاروں کے ذریعے امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حملہ شام کی حدود میں سے ہی کیا گیا۔حملے کے چند گھنٹے بعد امریکی حکام نے بتایا کہ جنوبی شام میں بھی ایک امریکی سائٹ پر دھماکہ ہوا ہے جس میں امریکی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکی حکام کی جانب سے ایک روز گزرنے کے باوجود ان دونوں حملوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات شیئر نہیں کی جا رہیں۔