ہر بالغ فرد کو غذا میں روزانہ 400 مائیکرو گرام فولک ایسڈ کا استعمال کرنا چاہیئے۔
جبکہ ماہرین حمل کی خواہشمند اور حمل کے دوران عورت کو 400 سے 1000 مائیکروگرام فولک ایسڈ کا استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ فولک ایسڈ یا پھر وٹامن بی نائن صحت کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ ڈی این اے کی مرمت اور خون کے سرخ خلیات کی پیداوار سمیت متعدد اہم افعال میں مدد دیتا ہے۔
تاہم اگر جسم میں فولک ایسڈ کی کمی ہو تو اس سے انسان اینیما جیسے مرض کا شکار ہو سکتا ہے اور خواتین میں اس کی کمی اسقاطِ حمل یا حمل میں رکاوٹ کی وجہ بنتی ہے۔
اگر فولک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے انسان اینیمیا یعنی خون کی کمی کا شکار ہو اس دوران جسم کے اندرونی اعضاءکو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں مل پاتی جس کے نتیجے میں وہ ٹھیک طرح کام نہیں کرتے اور انسان کمزوری محسوس کرتا ہے۔
فولک ایسڈ کی کمی کی علامات
جب آپ کے جسم میں فولک ایسڈ کی کمی واقع ہوگی تو آپ کو مندرجہ ذیل علامات کا سامنا ہوگا۔
ذہنی افعال کے مسائل
فولک ایسڈ مرکزی اعصابی نظام کے لیے انتہائی اہم جز ہے، اگر جسم میں اس کی کمی ہو تو یہ سب سے پہلے آپ کے دماغی افعال پر اثرانداز ہوتا ہے، فولک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے آپ کو ڈپریشن کا سامنا ہوسکتا ہے، یادداشت متاثر ہو سکتی ہے جبکہ چیزیں بھولنے کے ساتھ چڑچڑے پن کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔
فولک ایسڈ کی کمی کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیئے کیون کہ اگر اس کمی پر قابو نہ پایا جائے تو سنگین امراض جیسے ڈیمینشیا یا الزائمر کا خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے۔
جسم میں درد
فولک ایسڈ کی کمی سے اینیما لاحق ہونے پر دماغ کو آکسیجن کم ملتی ہے، اس کے ردعمل میں دماغی شریانیں سوجنے لگتی ہیں اور سردرد کی شکایت ہوتی ہے، لیکن یہاں یہ بات اہم ہے کہ صرف دماغ کو ہی اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا بلکہ جسم کے دیگر حصوں کو بھی آئرن کی کمی اور آکسیجن کی کمی کے نتیجے میں مسائل پیش آتے ہیں مسلز کی کمزوری، تھکاوٹ، ہاتھوں اور پیروں کا سن ہونا خصوصاً سینے اور ٹانگوں میں درد کی شکایت ہوتی ہے۔
جلد کی پیلاہٹ
جیسے کہ آپ جان چکے ہیں کہ فولک ایسڈ کی کمی سے خون کی کمی کا سامنا ہوگا اور خون کی قلت یعنی ہیموگلوبن کی کمی، ہیموگلوبن ایک پروٹین ہے جو کہ خون کے سرخ خلیات کی پیداوار کے لیے ضروری ہے، جب جسم میں فولک ایسڈ کی کمی ہوتی ہے تو اس کے اندر خون کے سرخ خلیات اور ہیموگلوبن کی سطح کم ہوجاتی ہے اور جلد کی پیلاہٹ کا سامنا ہوتا ہے۔
منہ میں چھالے اور زبان سوجنا
اکثر لوگوں کو بار بار منہ میں چھالے نکلتے ہیں اور وہ اسے بدہضمی یا معدے کی گرمی کا مسئلہ سمجھتے ہیں، لیکن منہ میں چھالے اور زبان سوجنا فولک ایسڈ کی کمی کی علامات ہیں۔
یہ علامات عام طور پر اس وقت سامنے آتی ہیں جب فولک ایسڈ کی کمی بہت زیادہ ہوجائے، زبان اس صورت میں سوجی ہوئی، سرخ اور چھالوں سے بھرجاتی ہے۔
ذائقے کی حس متاثر ہونا
مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق فولک ایسڈ کی کمی کے نتیجے میں کھانے کے ذائقے کو محسوس کرنے کی حس بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ یہ ریسیپٹر اعصابی نظام کے ذریعے دماغ کو سگنل نہیں بھیج پاتے۔
فولک ایسڈ کی کمی کیسے پوری کریں؟
اب جب یہ بات واضح ہے کہ فولک ایسڈ کی کمی سے بہت سے مسائل کا سامنا ہوتا ہے تو یہ جاننا بھی اہم ہے کہ آخر اس کی کمی کو پورا کیسے کیا جائے؟
دراصل غذا کے ذریعے آسانی سے فولک ایسڈ کی کمی پوری کی جاسکتی ہے، جیسے سبز پتوں والی سبزیاں یعنی پالک یا ساگ وغیرہ کا استعمال زیادہ کریں کیونکہ یہ وہ سبزیاں ہیں جن میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے۔
اسی طرح ترش پھل، بیج، مشروم اور اجناس کا زیادہ استعمال بھی فائدہ مند ہوتا ہے، جبکہ آپ ڈاکٹر کو چیک اپ کروا کر اس سے فولک ایسڈ کی گولیاں بھی تجویز کروا کر استعمال کر سکتے ہیں۔