پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار آٹھویں شکست سے دوچار کردیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مسلسل 8 شکستوں پر کراچی کنگز کی ٹیم اور خصوصاً کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بابر اعظم پر شدید تنقید کے بعد ان کے والد اعظم صدیق بھی سوشل میڈیا پر بیٹے کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔
اعظم صدیق نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ دعا ہے کہ آؤٹ آف فارم بابر اعظم کی فارم بحال ہو اور جمود ٹوٹے۔ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نہ گھبراتا ہے، نہ محنت چھوڑتا ہے اور نہ ہی مایوس ہوتا ہے، آؤٹ آف فارم دنیا کا بڑے سے بڑا کھلاڑی ہو جاتا ہے لیکن بابر بھرپور محنت کر رہا ہے، دعا ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بیٹے کی فارم بحال ہو جائے۔
والد بابر اعظم نے مزید لکھا کہ فینز دل برا نہ کریں، بابر پہلے جیسی محنت کر رہا ہے وہ جلد اچھا کرے گا۔