پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کے چیئرمین عامر عظیم باجوہ نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر یا آئندہ برس کے اوائل میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کردی جائے گی۔
سینیٹر کہدہ بابر کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت آئی ٹی اور دیگر اداروں نے کمیٹی کو مختلف معاملات سے متعلق آگاہ کیا۔چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ فائیو جی اسپیکٹرم پر کام شروع کردیا گیا ہے، حکومت نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لئے ایڈوائزری کمیٹی بھی بنائی ہے۔
عامر عظیم باجوہ نے بتایا کہ رواں سال کے آخر یا آئندہ برس کے اوائل میں اسپیکٹرم کی نیلامی کردی جائے گی۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے وقت ایوی ایشن ایریاز کو مد نظر رکھیں گے، جو مسئلہ امریکا میں درپیش آیا کوشش ہے وہ یہاں نہ آئے۔ارکان کمیٹی نے استفسار کیا کہ 2021 میں اسپیکٹرم کی نیلامی میں کمپنیوں کی عدم دلچسپی سامنے آئی، بتایا جائے کہ 3 بڑی کمپنیوں نے نیلامی میں حصہ کیوں نہیں لیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ ہمارے پاس جو اسپیکٹرم دستیاب تھا اسے نیلامی کے لئے پیش کردیا، اس عمل میں تمام قواعد و ضوابط کو سامنے رکھا گیا۔