مچھلی کھانا ہماری صحت کے لئے بےحد مفید ہے مگر اس کے تیل کا استعمال بھی کسی امرت سے کم نہیں۔
ماہرین صحت مچھلی میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کو انسانوں کے لئے بےحد ضروری اور مفید قرار دیتے ہیں تاہم مچھلی کے ساتھ ساتھ ماہرین مچھلی کا تیل استعمال کرنے کی بھی تجویز دیتے ہیں، اسے کیپسول کی شکل میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ہارٹ اٹیک کے خطرات میں کمی
ماہرین کے مطابق مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ شامل ہوتے ہیں، جو جسم کے منفی اثرات کو متوازن کرنے میں مدد دیتے ہیں خون کو گاڑھا بناتے ہیں اور خون میں موجود چکنائی (کولیسٹرول) کی شرح کو کم کرتے ہیں۔ ان تمام چیزوں کی زیادتی کے باعث کوئی بھی شخص عارضہ قلب کا شکار ہوسکتا ہے۔
کولیسٹرول کم کرنے میں معاون
مچھلی کا تیل وہ واحد ایسا تیل ہے جس کی مدد سے کولیسٹرول کو کم کیا جاسکتا ہے، مچھلی کا تیل کولیسٹرول کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ماہرین کے مطابق مچھلی کا تیل سبزیوں کے تیل کی طرح مفید ہوتا ہے جو جسم میں موجود خراب کولیسٹرول جسم سے خارج کر کے مثبت کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتا ہے۔
ڈپریشن اور بے چینی سے نجات
آج کل ہر دوسرا شخص زندگی کے مختلف مسائل کے باعث انسان ڈپریشن کا شکار ہے اور نیند کی کمی یا بےچینی کا شکار رہتا ہے ایسے میں مچھلی کا تیل ایسی صورتحال سے نکلنے کا بہترین زریعہ ہے۔
ڈپریشن میں مبتلا افراد کے خون میں اومیگا 3 کی سطح کم ہوتی ہے اور مچھلی کا تیل استعمال کرنے سے یہ مقدار پوری کی جا سکتی ہے اور ڈپریشن سے نجات ممکن ہے مچھلی کا تیل دماغی افعال کو بہتر بناتا ہے۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
مچھلی کے تیل میں موجود اومیگاتھری انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور ہمیں نزلہ، زکام، کھانسی اور سردی سے محفوظ رکھتا ہے۔
طاقت میں اضافہ
سردیوں میں مچھلی کھانا اور اس کے تیل کے کیپسول استعمال کرنا صحت کے لئے بےحد مفید ہے اس سے جسم کو ایسی توانائی حاصل ہوتی ہے جس سے مدافعتی نظام مضبوط اور متحرک ہوجاتا ہے، میٹابولزم میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ اس کے استعمال سے بھی پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اور یہ کمزور اعصاب کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
بالوں کے لئے مفید
یہ بات کون نہیں جانتا کہ مچھلی بالوں کے لئے سب سے بہترین غذا ہے، تاہم مچھلی کا تیل بھی بالوں کی صحت کے لئے بےحد مفید ہے، مضبوط، سیاہ اور گھنے بالوں کے لیے اومیگا تھری کی ضرورت ہوتی ہے، جو کہ مچھلی کے تیل سے باآسانی وافر مقدار میں حاصل کیا جا سکتا ہے اگر مچھلی کے تیل کے کیپسول کا روزانہ استعمال کیا جائے تو بال سیاہ، چمکدار، گھنے اور مضبوط ہو جائیں گے۔