افغانستان میں کاروائی کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال، پاکستان کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ گئے، امریکہ کا دعویٰ

23  اکتوبر‬‮  2021

بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس اراکین اور امریکی قانون سازوں کو بتایا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر پاکستانی حکام کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے معاہدے پر دستخط کے عوض انسداد دہشت گردی کیلئے امریکی امداد کی فراہمی اور پاک بھارت تعلقات کے معاملے میں مدد کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سی این این کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی حکام کو ادراک ہے کہ افغانستان سے فوجوں کے انخلاء کے بعد خطے سے امریکہ کی عدم موجودگی سے داعش فائدہ اٹھا سکتی ہے، اور اس صورت میں امریکہ افغانستان کے اندر داعش کے خلاف موثر کارروائی بھی نہیں کر سکتا۔

سی این این کی رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ افغانستان سے انٹیلی جنس معلومات کے حصول کیلئے امریکی فورسز ابھی بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں، لیکن طویل مدت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے دونوں ممالک کے مابین کوئی باضابطہ معاہدہ نہیں ہے، اور ایسے معاہدے کی عدم موجودگی میں پیچیدہ صورتحال کے تحت امریکی فورسز کو افغانستان کے اندر کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام معاہدے کے بغیر امریکی ڈرون کو فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے اور یہ معاملہ واشنگٹن اور کابل کے مابین امریکی پروازوں کے آغاز کیلئے اور پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان کا ردعمل

سی این این کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہو رہا، سی این این کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان علاقائی سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی پر تعاون کیلئے معمول کی بات چیت ہوتی رہتی ہے اور مشاورت کا یہ عمل جاری رہے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved