اگر آپ مریخ پر ایلون مسک کی رہائشی کالونی میں رہنے کے خواہش مند ہے تو پھر آپ کو گوشت خوری کی عادت ترک کرنی پڑے گی۔
اسٹار لنک اور برین چپ جیسے اچھوتے منصوبوں کے خالق ایلون مسک مستقبل میں انسانوں کے لیے سرخ سیارے پر رہائشی کالونی بنانے کے تصور پر کام کر رہے ہیں۔اس کالونی میں لوگ شیشے کے بنے گنبدوں میں رہنے کے ساتھ اپنے لیے غذا بھی شمسی توانائی پر چلنے والے ہائیڈرو پونک فارمز میں اگائیں گے۔
انسانوں کو مختلف سیاروں پر بسانے کے خواہش مند ایلون مسک کا پہلا ہدف سرخ سیارے پر ایک مستحکم رہائشی آبادی کا قیام ہے۔ایلون مسک نے 2002 میں اسپیس ایکس کا قیام بھی اسی مقصد کے تحت کیا تھا۔ اور اس ہدف کو ہزاروں اسٹار شپ فلائٹس کے ذریعے حاصل کرنے کی توقع ہے۔ایلون مسک کے اس منصوبے کے بارے میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہےکہ مارس پر رہائش اختیار کرنے والے پہلے 100 افراد کو محدود وسائل کی وجہ سے صرف سبزیوں پر ہی گذارا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ فی الحال وہاں گلہ بانی کرنا ممکن نہیں ہے۔
ریسرچر کا کہنا ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک کی سرخ سیارے پر 5 ہزار افراد کے لیے قائم کی گئی کالونی میں صرف سبزیوں اور پھلو ں کو ہی اگایا جاسکے گا۔ان ہائیڈرو پونک چار منزلہ اور 0.3 اسکوائر میل پر محیط فارمز کو اسٹار شپ کے ذریعے سرخ سیارے تک پہنچایا جائے گا۔